68

تعلیم ہی ملکی تقدیر بدل سکتی ہے(اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ طلبہ کیلئے وفاقی سطح پر سکالرشپ کا منصوبہ لائیں گے تاکہ ہمارے نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں خادم اعلیٰ پنجاب کے طور پر ہونہار طلبہ کو میرٹ پر سکالرشپ پر بیرون ملک بھیجنے کی سکیم شروع کی تھی جس سے بہت سے خاندانوں کے چشم وچراغ بیرون ملک تعلیم حاصل کر کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہے ہیں اب اسی طرز پر وفاق کی سطح پر یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا کیونکہ تعلیم ہی ملکی تقدیر بدل سکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اﷲ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ طالب علم اکرام اﷲ سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا وزیراعظم نے طالب علم کو قلم اور نصابی سرگرمیوں میں مدد کیلئے اپنی ذاتی حیثیت میں ٹیبلٹ کا تحفہ دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلیم کے حصول میں اکرام اﷲ کیلئے مفید ثابت ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں طلبہ وطالبات کیلئے سکالرشپ پروگرام شروع کیا تھا بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے ان کو بھجوایا کچھ سال پہلے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 132 طلبا اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک بھیجے تھے، وزیراعظم نے وفاق کی سطح پر طلبا کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا منصوبہ لانے کا عندیہ دیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ملک بھر کے ذہین طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ بیرون ملک میں اپنے وطن کا نام روشن کرنے کے مواقع فراہم کرنے میں سنجیدہ ہیں ویسے بھی جو طلبا وطالبات بیرون ملک اعلیٰ تعلیم سکالرشپ پر حاصل کر کے ملک کی طرف سے اجازت لیکر بیرون ملک خدمات انجام دیتے ہیں اور اپنے ملک میں زرمبادلہ بھجواتے ہیں ان کی کاوشیں بھی قابل تعریف ہیں باصلاحیت اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کا بیرون ملک میں روزگار حاصل کرنا ملکی معیشت کیلئے بہتر ہے پاکستان سے مختلف ممالک میں روزگار کمانے والے اپنے وطن کیلئے ترسیلات زر بھیجتے ہیں وہ بہت اہم ہے اس سے نہ صرف ترسیلات زر بھجوانے والوں کے خاندانوں کا معیار بہتر ہوتا ہے بلکہ ملک کو خطیرزرمبادلہ بھی حاصل ہوتا ہے جو گزشتہ سالوں میں بڑھ کر ملک کی مجموعی ایکسپورٹ سے بھی زیادہ 30ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ گیا ہے جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے محبت اور وفاداری کو ظاہر کرتا ہے بلاشبہ اس وقت ملک کو زرمبادلہ کی اشد ضرورت ہے لہٰذا ملک کے ذرائع سے بیرون ملک جا کر تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ ہنر بھی سیکھ کر ملک کی خدمت کو اولیت دینی چاہیے دنیا بھر کی جامعات سکالرشپ کیلئے گاہے بگاہے اعلانات کرتی ہیں اور طلبا وطالبات سکالرشپ سے فائدہ بھی اٹھاتے ہیں سعودی عرب میں بھی سکالرشپ کا اعلان کیا جاتا ہے پاکستان سمیت دنیا بھر کے طلبا وطالبات سکالرشپ کیلئے اپلائی کرتے ہیں وزیراعظم شہباز شریف طلبا وطالبات کی اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے پہلے بھی بہت حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں اب ایک بار پھر انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے ہونہار طلبہ کو میرٹ پر سکالرشپ دی جائے گی بلاشبہ یہ اچھا فیصلہ ہے طلبا وطالبات کو فائدہ اٹھانا چاہیے اور اپنی سرگرمیوں کو صرف حصول تعلیم تک محدود رکھنا چاہیے تاکہ وہ اپنی ذہانت کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں اور بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ اپنے وطن کا نام بھی روشن کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں