تفتیشی افسران کیلئے3روزہ تربیتی ورکشاپ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سی پی ڈی کے اشتراک سے پراسیکیوٹرز اور پولیس کے تفتیشی افسران کے لئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی روز قتل کے مقدمات کی موثر تفتیش، شہادتوں کے سائنسی و قانونی تقاضوں کے مطابق حصول اور مضبوط پیروی کے حوالے سے جامع اور بامقصد سیشنز منعقد ہوئے۔سیکرٹری محکمہ پراسیکیوشن پنجاب،سید فرہاد علی شاہ اور ڈائریکٹر سنٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ نے آن لائن لنک کے ذریعے شرکت کی اور اپنے اپنے کلماتِ خطاب میں قانون کی بالادستی،شفاف تفتیش اور موثر پراسیکیوشن کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فوجداری نظامِ انصاف کی مضبوطی کے لیے پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی ناگزیر عناصر ہیں۔ریٹائرڈ سیشن جج ذوالفقار خان ناصرنے اپنے لیکچر میں کہا کہ مضبوط اور معیاری شہادتیں ہی کامیاب پراسیکیوشن کی بنیاد ہیں جس کے لئے پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان قریبی، بروقت اور موثر رابطہ ناگزیر ہے۔انہوں نے اپنے لیکچر میں عدلیہ، پولیس، پراسیکیوٹرز اور وکلا کے مابین دیانتدارانہ اور مربوط کاوشوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون ہی مظلوم کو بروقت انصاف کی فراہمی اور مجرم کو قرار واقعی سزا تک پہنچانے کی ضمانت ہے۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر فیصل آباد محمد فاروق احسن نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، تفتیشی معیار کی بہتری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ فوجداری مقدمات کی پیروی کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ اختتام پر شرکا کے ساتھ سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں مختلف قانونی و عملی امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں