تفتیش کو بہتر بنانے کیلئے نیا احتسابی سرویلنس نظام نافذ

لاہور( بیو رو چیف )پولیس تفتیش کے نظام میں شفافیت، کارکردگی اور موثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے نیا احتسابی و سرویلنس نظام متعارف کروا دیا ہے۔ ناقص تفتیش اور غفلت برتنے والے تفتیشی افسران اب کڑے احتساب کا سامنا کریں گے ۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور شفاف بنانے کے لیے دو خصوصی سیل تشکیل دیے گئے ہیں۔( انویسٹی گیشن ریویو سیل) مالیاتی اور انفرادی جرائم کی تفتیش کا تفصیلی جائزہ لے گا اور آئی آر سی (انویسٹی گیشن ریویو کمیٹی)تفتیشی افسران کی کارکردگی کا تجزیہ کرے گی اور طریقہ کار کی جانچ پڑتال کرے گی۔ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ تفتیش میں تاخیر، ایس او پیز کی خلاف ورزی یا غیر سنجیدگی پر تفتیشی افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تفتیشی عمل کو مزید مثر بنانے کے لیے ایک فیڈ بیک سیل بھی قائم کیا گیا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر 400 مدعیان مقدمات کو فون کرکے تفتیشی کارکردگی سے متعلق رائے لے گا۔ اگر مدعی تفتیش سے مطمئن نہ ہو تو مقدمے کی تفتیش میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔پولیس حکام کے مطابق رواں سال درج ہونے والے 2 لاکھ 17 ہزار مقدمات میں سے 90 فیصد کے چالان عدالت میں جمع کروا دیے گئے ہیں، جبکہ باقی مقدمات کی تفتیش بھی جلد مکمل کرکے چالان جمع کرائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں