تماشا ہائوس یا عذاب کا گھر’ علیزے شاہ کی ریئلٹی شو پر شدید تنقید

کراچی (شوبز نیوز) اداکارہ علیزے شاہ نے ریئلٹی شو تماشا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شو میں شریک افراد کے ساتھ ہونے والے سلوک اور لوگوں کو ذلیل کرنے کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا۔علیزے شاہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے ریئلٹی شو تماشا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے انسٹاگرام پر اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے شو میں شریک افراد کے ساتھ ہونے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔علیزے شاہ نے لکھا کہ تماشا ہائوس؟ بلکہ یہ تو عذاب کا گھر ہے، پروڈیوسرز کو واقعی شرم آنی چاہیے، یہ دنیا بھر میں دیکھا جا رہا ہے اور ہم یہاں دوسروں کو جان بوجھ کر پریشان کرنے کے عمل کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کھانے پر ٹائم سیٹ کرنا، لوگوں کو قومی ٹی وی پر ذلیل کرنا، یہ سب کیا ہے؟ اور سوال کیا کہ شرکا اس شو کے لیے سائن کیسے کرسکتے ہیں۔علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں ریئلٹی شو تماشا کی سابق شریک حمیرا اصغر کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ سب کو حمیرا اصغر یاد ہوں گی جنہیں شو کے دوران دیگر شرکا نے تنگ کیا تھا اور الگ تھلگ کر دیا تھا، بعد میں وہ اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں