لاہور (شوبز نیوز) سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے تمام شوہر خوبصورت تھے جب کہ انہوں نے تمام شادیاں پسند سے کی تھیں، انہوں نے کوئی بھی شادی ڈر اور خوف کے باعث نہیں کی۔عتیقہ اوڈھو حال ہی میں پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت تمام معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اسٹائلسٹ کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد انہوں نے پہلے ماڈلنگ اور بعد ازاں اداکاری شروع کی۔ان کے مطابق انہوں نے کیریئر کے آغاز میں ہی شادی کرلی تھی جو جلد ہی طلاق پر ختم ہوئی، انہیں پہلے شوہر سے دو بچے ہیں۔عتیقہ اوڈھو کے مطابق جب ان کی طلاق ہوئی تو ان کے پاس صرف ایک ہزار روپے تھے اور گھر میں دو چھوٹے بچے تھے، پھر انہیں ایک اشتہار میں کام کی پیش کش ہوئی، جس سے انہیں 30 ہزار روپے ملے۔
