38

توشہ خانہ کیس فیصلہ ‘ عمران خان گرفتار

اسلام آباد (بیوروچیف)سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر جھوٹے اثاثے ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہواہے، وہ کرپٹ پریکٹس ک مرتکب ہوئے ہیں۔عدالت کے وارنٹ جاری کرنے پر لاہور پولیس نے عمران خان کوان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار لیا۔سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاورکے فیصلے کے مطابق عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا نہیں کرتے تو انہیں مزید 6 ماہ قید کاٹنی ہو گی ، عدالت نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سیکشن 174 کے تحت جرم ثابت ہو تاہے۔تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔فیصلہ سنانے سے قبل ہمایوں دلاور کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا تھا۔اس سے قبل سماعت کے دوران سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں پیش ہونے کیلئے عمران خان کو آخری مہلت دی ، فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ ملزم پیش نہ ہوا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے ،جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے کہ 12 بجے دلائل دیں ورنہ فیصلہ سنا دوں گا ۔اس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پرجج ہمایوں دلاور نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ساڑھے 12بجے سنانے کا اعلان کیا ‘جس کے بعد عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے لیکن عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں