40

تھانہ صدر گوجرہ نے چند ماہ قبل ملنے والی سر کٹی نعش کامعمہ حل کرلیا ، ملزمان گرفتار

گوجرہ(نامہ نگار) تھانہ صدر پولیس گوجرہ نے چند ماہ قبل ملنے والی سرکٹی لاش کا معمہ حل کر لیا، ملزمان گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیاگیا۔ان خیالات کا اظہارڈی ایس پی گوجرہ آفتاب صدیقی نے اپنے دفترمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے کیااس موقع پر ایس ایچ او صدر مہرمحمد سرفرازاور پی آر او ڈی پی او عطاء اللہ بھی موجود تھے ۔ڈی ایس پی نے بتایاکہ تھانہ صدرپولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چک نمبر438ج ب کھیتوں میں نامعلوم شخص کی نعش پڑی ہے۔ جس پرایس ایچ اوصدر پولیس معہ ملازمین فوری طور پر موقع پر پہنچے جس کی گردن اور بائیں بازو کٹا ہواتھا۔ جس کونا معلوم افراد نے تیز دھار آلے سے قتل کیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ نمبر898مورخہ 03.10.2023 تھانہ صدر گوجرہ میں درج کیا ۔مقتول کی شناخت عبد التمجیدولد محمد صدیق سکنہ نت کلاں تحصیل و ضلع وزیر آباد کے نام سے ہوئی ۔مقتول کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا مقتول نے اپنے اہل خانہ سے ناراض ہو کر67ج ب سدھار فیصل آبادمیں رہائش رکھی ہوئی تھی۔ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ نے وقوعہ کی سنگینی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دی پولیس ٹیم نے دن رات کی انتھک محنت، جدید ٹیکنالوجی،مخبر کی اطلاع اور انٹیلی جنس انفارمیشن کی مدد سے ملزمان عرفان علی سکنہ366ج ب حال مقیم67ج ب فیصل آباد اورطاہرہ پروین زوجہ محمد رمضان سکنہ223ر ب فیصل آباد کو گرفتار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں