تھانہ نشاط آباد اور صدر کے علاقوںمیں مبینہ مقابلے ‘2ریکارڈ یافتہ ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار اور ساتھی فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد اور تھانہ صدر کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلو ں میں دو ریکارڈ یافتہ ڈکیت ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑے گئے جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نشاط آباد کا سب انسپکٹر شہزاد احمد اپنے عملہ کے ہمراہ زیرحراست ملزم امیر خان کو مال کی برآمدگی کیلئے جا رہے تھے کہ جب وہ اومیگا سٹی کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکل سوار چار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے زیرحراست ملزم امیر خان چھڑوا کر جھمرہ بائی پاس سرگودھا روڈ کی طرف فرار ہو گئے، پولیس مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او نشاط آباد عمران عامر پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو امیر خان ولد محمد اکرم سکنہ 119 ج ب سمانہ مضروبی کی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ مضروب ریکارڈیافتہ اور اسکے خلاف مختلف تھانوں میں ڈکیتی’ راہزنی سمیت 23مقدمات درج ہیں۔ جبکہ دوسرا مقابلہ تھانہ صدر کے علاقہ جوڑا پل کے قریب ہوا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر کو اطلاع ملی کہ جوڑا پل کے قریب ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے ہیں۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او اور سب انسپکٹر محمد علی ماتحت عملہ کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جسکی شناخت عابد عرف عابی ولد طارق سکنہ 226 رب ملکھانوالہ کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو 30 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے زخمی ڈکیت کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں