تھانہ پیپلزکالونی کے ”حاجی صاحب” کی چٹی لینے کے چرچے CPO کا انکوائری کرنیکا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی خبر پر CPO فیصل آباد کا نوٹس’ SP مدینہ ٹائون کو محرر تھانہ پیپلزکالونی حاجی طارق کیخلاف ایکشن لینے’ رپورٹ بنا کر بھیجنے کا حکم۔ تفصیل کے مطابق ”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں محرر تھانہ پیپلزکالونی حاجی طارق کی ”کرپشن کہانی” شائع ہوئی تھی کہ وہ ”چٹی” کے نام پر خوب دیہاڑیاں لگا رہا ہے۔ اس نے مخصوص قسم کے ایس ایچ اوز کے ساتھ بطور ”کارخاص” اپنے فرائض سرانجام دیئے اور ان ایس ایچ اوز کیلئے ہر قسم کا جائز وناجائز کام کیا، خوشامد کے ذریعے کام نکلوانا بھی اس کا وطیرہ ہے اور کانسٹیبل کے بعد ہیڈ کانسٹیبل اور اب اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI) کے عہدے پر پہنچ چکا ہے، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماڈل پولیس اسٹیشن پیپلزکالونی کی بلڈنگ میں متعلقہ سرکل کے DSP اور ٹائون ایس پی کے دفاتر بھی موجود ہیں مگر محرر حاجی طارق کو اس کی کوئی پرواہ نہیں اور وہ تھانے میں سرعام ”چٹی” لیتا ہے اور ”چٹی” نہ دینے والے سائلین کیساتھ بدتمیزی کرتا ہے، CPO فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے اس خبر پر نوٹس لیتے ہوئے SP مدینہ ٹائون کو حکم دیا ہے کہ وہ تھانہ پیپلزکالونی میں تعینات محرر حاجی طارق کیخلاف ایکشن لیں اور اس ایکشن کی رپورٹ بنا کر بھیجیں اور قصور وار ہونے کی صورت اس کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں