تھانہ پیپلزکالونی کے محرر حاجی طارق کا ہر کام ”چٹی” سے شروع، ”چٹی” پر ہی ختم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی میں تعینات محرر حاجی طارق کی ”کرپشن کہانی” تھانے میں آنیوالے سائلین کیلئے وبال بن گئی’ عیدالفطر قریب آتے ہی محرر صاحب نے عیدی مہم کے نام پر ”چٹی” کی رقم ڈبل کر دی۔ ”چٹی” نہ دینے والے سائلین کے ساتھ بدتمیزی کرنا محرر صاحب کا وطیرہ خاص ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بطور کانسٹیبل محکمہ پولیس میں ہونیوالے حاجی طارق نے عرصہ دراز تک مخصوص قسم کے ایس ایچ اوز کے ساتھ بطور ”کارخاص” اپنے فرائض ہائے سرانجام دیئے اور ان ایس ایچ اوز کے لیے ہر قسم کا جائز وناجائز کام کیا۔ ”چٹی” کے نام پر خوب دیہاڑیاں لگائیں، ان ایس ایچ اوز کو خوش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی جیب بھی گرم کی۔ کانسٹیبل کے بعد ہیڈ کانسٹیبل اور اب اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI) کے عہدے پر پہنچ چکا ہے اور اپنے خاص تعلقات کی وجہ سے ان دنوں ماڈل پولیس اسٹیشن پیپلز کالونی میں بطور محرر تعینات ہے۔ جہاں پر وہ سرعام ”چٹی” وصول کرنے کا کام کر رہا ہے۔ یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماڈل پولیس اسٹیشن پیپلزکالونی کی بلڈنگ میں متعلقہ سرکل کے DSP اور ٹائونSP کے دفاتر بھی موجود ہیں مگر محرر صاحب حاجی طارق کو اس کی کوئی پرواہ نہیں، تھانے میں سرعام ”چٹی” لیتا ہے۔ اگر یوں کہا جائے کہ اس کا ہر کام ”چٹی” سے شروع ہو کر ”چٹی” پر ہی ختم ہوتا ہے تو غلط نہ ہو گا۔ عیدالفطر کی آمد قریب آتے ہی محرر صاحب نے ”چٹی” کے ریٹ ڈبل کر دیئے ہیں اور ”چٹی” نہ دینے والے سائلین کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آتا ہے۔ محرر صاحب اپنے محکمے کے ساتھ ساتھ اپنے افسران اور خاص طور پر اس تھانہ پیپلزکالونی کے شریف النفس ایس ایچ او میاں واجد کے لیے بھی باعث بدنامی بنا ہوا ہے۔ شہری حلقوں خاص طور پر اس تھانے میں آنیوالے سائلین نے پولیس حکام سے کرپٹ ترین محرر صاحب کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں