تھانیدارکا اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے شہری پر بدترین تشدد

جڑانوالہ(نامہ نگار)تھانہ سٹی جڑانوالہ کے نکے تھانیدار نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے شہری کو گھر سے اٹھا کر تھانہ میں لے جا کر مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، حالت غیر ہونے پر ریسکیو اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا،پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے میڈیکل کیلئے معزز عدالت سے رجوع کر لیا، متاثرہ شہری نے انکوائری کیلئے ایس ایس پی انویسٹیگیشن کو درخواست دائر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 238گ ب کے رہائشی عاشق نے ایس ایس پی انویسٹیگیشن فیصل آباد کو درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ 31جولائی کو سائل اپنے پلاٹ پر تعمیرات کر رہا تھا اور کھانا کھانے کیلئے گھر گیا اسی دوران تھانہ سٹی میں تعینات اے ایس آئی شوکت ہمراہ کانسٹیبلان گھر میں داخل ہوا اور اسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سرکاری ڈالہ میں پھینک دیا بعدازاں گاں کے چوک میں بھی مبینہ تشدد کیا وقوعہ ہذا موقع پر موجود گواہان نے بچشمِ خود دیکھا،بعدازاں الزام علیہان سائل کو تھانہ لے آئے اور ایس ایچ او کے کہنے پر الٹا کرکے اسکی چھترول کی اور مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر تھانہ کی حوالات میں بند کر دیا،پولیس تشدد سے سائل کی طبیعتخراب ہونے پر ریسکیو اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا وجہ عناد یہ ہے کہ دیہہ کا رہائشی اشفاق وٹو سائل سے بھتہ مانگتا تھا انکار پر اس نے پولیس کو جھوٹی اطلاع دی کہ سائل مسجد کے پلاٹ پر قبضہ کر رہا ہے مدعی نے مزید الزام عائد کیا کہ اے ایس آئی شوکت نے مبینہ ٹاٹ اشفاق وٹو کے ایما پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسے مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے متاثرہ شہری نے میڈیکل کیلئے معزز عدالت سے رجوع کر لیا ہے جبکہ مدعی نے وزیراعلیٰ پنجاب،آئی جی پنجاب، آر پی او فیصل آباد اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن فیصل آباد سے اپیل کی ہے کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کی پاداش پر پولیس اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لا کر انہیں معطل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس پی انویسٹیگیشن نے فریقین کو طلب کر لیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں