ڈیرہ اسمعیل خان (نامہ نگار)خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمعیل خان میں تھانہ چودہوان پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں10پولیس اہلکار شہید اور6زخمی ہو گئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او)ناصر محمود نے بتایا کہ رات3بجے کے قریب دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے تھانہ چودہوان پر حملہ کیا۔پولیس کے مطابق پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان ڈھائی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس لائن سے بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تھانہ چودہوان کی حدود میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں محمد اسلم، غلام فرید، محمد جاوید، محمد ادریس، محمد عمران، صفدر، اے ایس آئی کوثر، احترام سید، رفیع اللہ اور حمید الحق شامل ہیں۔نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا جسٹس (ریٹائرڈ)سید ارشد حسین شاہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔جسٹس (ریٹائرڈ)سید ارشد حسین شاہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کے لیے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، حکومت اور پوری قوم پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
