تھیلیسمیا کے بچوں کی دیکھ بھال مقدس ذمہ داری ہے

سرگودھا( بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ہلالِ احمر ہسپتال سلانوالی روڈ یونٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے گائنی یونٹ، پیڈز یونٹ، لیبارٹریز، ڈائلسز یونٹ، تھیلیسیمیا سنٹر، بلڈ بینک ، آئی و جنرل وارڈز ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور میڈ یکل سٹور کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹروں اور طبی عملے سے ملاقات کی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ لی اور درپیش مسائل سنے۔ان کا کہنا تھا کہ گردوں کے مریضوں کو باقاعدگی اور معیار کے ساتھ علاج فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مشینوں کی مکمل فعالیت، صفائی کے انتظامات اور ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تھیلیسیمیا و ہیموفیلیا سینٹر پر خدمات انجام دینے والے عملے کی خدمات کو سراتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا کے بچوں کی دیکھ بھال ایک مقدس ذمہ داری ہے جسے احسن انداز میں نبھایا جا رہا ہے۔ بلڈ بینک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے محفوظ اور وافر خون کی دستیابی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر مزید کہا کہ ہلالِ احمر ایک فلاحی ادارہ ہے جو انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس ادارے کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں