تیز آندھی اور بارش سے تباہی ’20اموات

کراچی(بیوروچیف) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش سے تباہی مچ گئی، درخت، دیواریں، چھتیں اور بجلی گرنے کے واقعات میں20افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔بلدیہ مدینہ کالونی میں دیوار گرنے سے13افراد دم توڑ گئے، قائد مجید کالونی میں دیوار گرنے سے میاں بیوی اور بیٹی زخمی ہوگئی، سرجانی ٹائون میں زیر تعمیرعمارت کی چھت گر گئی، ایک شخص زخمی ہوا، مچھر کالونی میں مکان کی چھت گر گئی۔ انارکلی بازار میں پولیس کیمپ سمیت متعدد سٹالز گر گئے، کیمپ گرنے سے دبنے والی خواتین اہلکاروں کو ریسکیو کرلیا گیا، ماڑی پور میں 97، شاہراہ فیصل پر 90کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 800سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹائون، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی، کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔آندھی کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہا، بارش کے بعد معین آباد،عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹائون 14اے، گلشن اقبال کے مختلف علاقوں اور ڈیفنس فیز ٹو، ون، اختر کالونی، کشمیر کالونی، نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔تیز ہوا کے باعث مختلف علاقوں میں درخت بھی گرگئے، کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب تیز ہوا سے درخت گر گیا، 2افراد درخت کے نیچے پھنس گئے جنہیں طویل کوشش کے بعد باہر نکال لیا گیا، محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ گرگیا۔بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 11افراد جاں بحق ہوگئے، ترجمان ریسکیو کے مطابق دیوار گرنے سے 3افراد زخمی بھی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر گری، یہ رہائشی عمارت نہیں، پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی، سرچ اور ریسکیو آپریشن تادیر جاری رہا مزید افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔شاہ لطیف مرغی خانہ سٹاپ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، قائد آباد مجید کالونی میں بھی گھر کی دیوار گرنے سے 3افراد زخمی ہوئے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا، تمام بلدیاتی اداروں اور ڈی ایم سیز کو فوری طور پر فیلڈ میں نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا امدادی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کراچی سمیت پورے صوبے میں ہائی الرٹ جاری کردیا، متعلقہ محکموں کے تمام عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، مارکیٹوں کے اطراف سے نکاسی فوری کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں