تیز رفتار انٹرنیٹ کیلئے13ارب کے منصوبے منظور

اسلام آباد (بیوروچیف) ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کے لیے 13ارب روپے کے منصوبے منظور کرلیے گئے۔وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اہم اجلاس میں ملک کے 11 اضلاع کے لیے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، وائس کمیونیکیشن اور فائبر آپٹیکل کیبل کے 9میگا پراجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے۔سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین بورڈ کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کی ہدایت پر شہری اور دیہی ڈیجیٹل تفریق کے خاتمے کے اقدامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔منصوبوں کی مجموعی مالیت 13ارب روپے سے زائد ہے اور یہ 55لاکھ سے زائد افراد کو سہولیات فراہم کریں گے جب کہ 11اضلاع کے 178ٹائونز و یونین کونسلز اور 753گائوں کے مکین ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہو سکیں گے۔چیئرمین یو ایس ایف بورڈ نے کہا کہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل کنکٹیویٹی سے ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ ملے گا ۔ یو ایس ایف کے پہلے سے جاری منصوبوں سے اب تک دیہی علاقوں کے 3کروڑ 94لاکھ افراد کو کنکٹیویٹی سروسز تک رسائی حاصل ہو چکی ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، زیارت اور کوئٹہ کے اضلاع کے لیے 3منصوبوں میں 1428کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی جائے گی َ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں