تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر،موٹر سائیکل سوار2لڑکیاں جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کا موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں ڈرائیو کرنے کے رجحان میں اضافہ، گزشتہ روز امین پور بنگلہ روڈ پر واقعہ رندھاوا چوک کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار دو لڑکیاں جاں بحق اور دو بری طرح زخمی ہو گئیں، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرد یں جبکہ ریسکیو1122 نے زخمی لڑکیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 54 ج ب کی رہائشی 18سالہ تنزیلہ دختر محمد لطیف اپنی عزیزہ 14سالہ نور فاطمہ دختر محمد ظفر’ 10سالہ ایمان دختر شفقت اور 7سالہ عائشہ دختر محمد اشفاق کے ہمراہ موٹرسائیکل پر شہر کی طرف آ رہی تھیں کہ جب وہ امین پور بنگلہ کے قریب رندھاوا چوک کے قریب پہنچی تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار لڑکیاں گر کر بری طرح زخمی ہو گئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تو دو لڑکیاں 18سالہ تنزیلہ اور 14سالہ نور فاطمہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکی تھیں جبکہ دیگر دو بچیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے حادثے کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ فیصل آباد میں کم عمر لڑکوں اور لڑکیوں کا موٹرسائیکل چلانے کا رجحان بڑھ رہا ہے جبکہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل اور گاڑیاں چلانے نہ دیں تاکہ ان کی معمولی غلطی پوری عمر پچھتاوا کا باعث بن جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں