تیز رفتار کا ر نہر میں جا گری باپ جاں بحق ،2بچے زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد کے علاقہ چنیوٹ روڈ پر پل ڈینگرو کے قریب تیز رفتار کار موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر نہر میں جاگری، باپ نہر میں ڈوب کر جاں بحق، دو بچوں کو بچا لیا گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ غلام محمد آباد کا رہائشی 40سالہ سید عون رضا ولد محمد اقبال اپنے بچوں کے ہمراہ کار نمبری LEB-2911 پر چنیوٹ سے واپس آ رہا تھا کہ جب وہ چنیوٹ روڈ پر پل ڈینگرو کے قریب پہنچے تو سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے کار بے قابو ہو کر نہر جھنگ برانچ چنیوٹ میں جاگری، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر سید عون رضا اور اس کے بچوں کو نہر سے نکالا تو عون رضا زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اس کے بچوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا اور ریسکیو ٹیم نے کار بھی نہر سے نکال کر لواحقین کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں