تیل کی عالمی قیمتوں میں مزیدکمی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے جاری جنگ جلد ختم کرنے کے اشاروں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران جنگ جلد ختم ہونے کی خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری اور سپلائی لائنز کی بحالی کی توقع کے باعث تیل کی قیمتیں مزید نیچے آ گئی ہیں۔عالمی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمتوں میں تقریباً 17فیصد تک کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت کم ہو کر 83ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 78 ڈالر فی بیرل تک آ گیا ہے۔اس سے ایک روز قبل صورتحال مختلف تھی جب لندن برینٹ خام تیل کی قیمت 119 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 119 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل کے قریب پہنچ گئی تھی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشرق وسطی میں ممکنہ جنگ بندی کی خبروں نے عالمی تیل مارکیٹ پر براہِ راست اثر ڈالا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے تو تیل کی سپلائی میں بہتری آئے گی جس سے قیمتوں میں مزید استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ مشرق وسطی میں جاری جنگ اب اپنے اختتام کے قریب ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد عالمی منڈی میں مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے اعتماد کی فضا بحال ہونے لگی ہے۔ماہرین کے مطابق جنگی خدشات کم ہونے اور سپلائی میں بہتری کی توقعات برقرار رہیں تو آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی بھی ممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں