تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

کراچی (بیوروچیف) بین الاقوامی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں تقریباً 1.9فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ 92.10 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔اسی طرح برینٹ کروڈ 103.92 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں بے چینی پائی جاتی ہے، جبکہ سرمایہ کار ممکنہ رسد میں رکاوٹ کے خدشات کے پیش نظر محتاط حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں۔دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق ایک اعلی عہدیدار نے واضح کیا ہے کہ ایران اس تنازع کو اپنی شرائط اور اپنے وقت کے مطابق ختم کرے گا۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی تجاویز کا جائزہ لیا گیا تاہم انہیں حد سے تجاوز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا ہے۔ ان کیجانب سے مزید یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ، خصوصا صدر ٹرمپ، کو جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو نہ صرف تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھائو متوقع ہے بلکہ عالمی معیشت پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں