11

تیل کی قیمتوں میں کمی

کراچی (بیوروچیف) عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ تقریبا 4فیصد گر کر 60ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا، تاہم بعد میں معمولی بحالی کے بعد 62 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا دکھائی دیا۔رپورٹس کے مطابق، برینٹ کروڈ کی قیمت میں 2.15 ڈالر کمی ہوکر 63.01 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 2.07 ڈالر کی کمی کے ساتھ 58.97 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔یہ کمی اس وقت دیکھی گئی جب (آرگنائزیشن آف دی پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز) نے پیش گوئی کی کہ عالمی تیل کی فراہمی 2026 تک طلب کے برابر ہو جائے گی۔اوپیک کے مطابق یہ تبدیلی اس کی پہلے کی اس پیش گوئی سے مختلف ہے جس میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی کمی (supply deficit) کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، یہ نیا اندازہ OPEC ممالک کی بڑھتی ہوئی پیداوار کو ظاہر کرتا ہے، جس سے مارکیٹ میں توازن کی صورت پیدا ہو رہی ہے۔ اسی توازن کے باعث مارکیٹ میں فروخت کا دبا بڑھا اور قیمتیں نیچے آئیں۔دوسری جانب، انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (IEA) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ تیل اور گیس کی طلب 2050 تک بڑھ سکتی ہے۔ ادھر، بڑے تیل برآمد کرنے والے ممالک نے عندیہ دیا ہے کہ وہ عارضی طور پر پیداوار روکنے یا برآمدات میں کمی کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ مارکیٹ میں قیمتوں کے غیر مستحکم اتار چڑھا کو قابو میں لایا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تیل کی قیمتوں میں یہ کمی برقرار رہی تو عالمی معیشت کے لیے وقتی ریلیف تو مل سکتا ہے، مگر تیل پیدا کرنے والے ممالک کی آمدنی پر دبا بڑھ سکتا ہے۔پاکستان میں بھی 16 نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے تاہم حتمی فیصلہ اوگر کی تیار کردہ سمری کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلا س میں کیا جائے گا، جس کے بعد نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں