جامعہ زرعیہ اور میزان بینک کے مابین معاہدے طے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور میزان بینک نے اسلا می بینکاری و مالیات کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی کے کورسز اور تربیت کے فروغ کے لیے مفا ہمتی یادداشت کی تجدید کی۔ اس موقع پر بینک نے اس مقصد کے لیے زرعی یونیورسٹی کو 50 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔ مفاہمتی یادداشت پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور میزان بینک فیصل آباد کے ریجنل منیجر معظم سعید نے دستخط کئے۔ تقریب میں ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر محمد تحسین اظہر، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر عبدالغفور، زرعی یونیورسٹی کی فوکل پرسن ڈاکٹر سحر منیر، میزان بینک کے ریجنل کوآرڈینیٹر ندیم سہیل اور فوکل پرسن حذیفہ اختر بھی موجود تھے۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے مشترکہ طور پر انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سائنسز، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم سینٹر آف اسلامک فنانس کے آپریشنز چلائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ اور پیشہ ور افراد کو اسلامی مالیات کے شعبے میں جدید علم اور تکنیکی مہارت سے آراستہ کرنا اور انڈسٹری و اکیڈمیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ معاہدے کے تحت یہ سینٹر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر تعلیمی پروگرامز، پیشہ ورانہ تربیتی کورسز، ورکشاپس اور تحقیقی مواقع فراہم کرے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اسلامی فنانسنگ کے نظام اور تعلیم کے فروغ کے لیے بینک کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری عالمی سطح پر تیزی سے ترقی کرنے والا شعبہ ہے اور یونیورسٹی طلبہ کو جدید علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ معظم سعید نے کہا کہ بینک کا وژن اسلامی بینکاری کو پہلی ترجیحی بینکاری نظام بنانا ہے تاکہ ایک منصفانہ معاشی نظام کے نفاذ کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ممتاز اسلامی بینک کے طور پر میزان بینک شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے جدید اور قدر میں اضافہ کرنے والی مصنوعات اور خدمات ایک ہی جگہ فراہم کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں