جامعہ زرعیہ میں”ورلڈ ایگ ڈے” کے حوالے سے تقریب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ”ورلڈ ایگ ڈے” کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ نے30 سے زائد انڈے کی ڈیشز کے سٹال لگائے جو دیکھنے والوں کیلئے توجہ کا باعث بنے۔ فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری کے زیراہتمام تقریبات کا افتتا ح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ڈین فیکلٹی آف اینیمل ہسبینڈری ڈاکٹر قمر بلال، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اینیمل اینڈ ڈیری سائنسز ڈاکٹر محمد ریاض، ڈاکٹر محمد یوسف کے ہمراہ کیا۔ مزید برآں فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز نے بھی اس دن کے موقع پر ایک سیمینار اور انڈوں سے تیار کردہ کھانوں کی نمائش کا اہتمام کیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ ہمیں انڈوں کو روزمرہ کی خوراک کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انڈہ ایک اعلیٰ غذائیت والا کھانا ہے جو کئی بیماریوں کے خطرات کو کم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت کیلئے انڈے کااستعمال جزو لازم ہے کیلوریز’ اعلیٰ کوالٹی کی پروٹین’ وٹامن اے’ بی 5′ بی 12’اُمیگا تھری اور فیٹس سے حامل انڈوں کا استعمال بڑھانے کیلئے ہمیں اوائل عمری سے ہی بچوں کی خوراک کا لازمی حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے گھریلو مرغبانی کی یونی گولڈ قسم تیار کی ہے جس میں انڈوں کی تعداد دوگنا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ڈین کلیہ اُمور حیوانات ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ دنیا بھر میں انڈہ انسانی خوراک کا ترجیحی حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایگ ڈے کی تقریبات میں شریک نوجوانوں نے نہ صرف انڈوں سے بنے مختلف پکوان نمائش کیلئے پیش کئے بلکہ پوسٹرزاور بینرز کے ذریعے بھی اس کی اہمیت کو بہتر طور پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فی کس سالانہ 100 انڈے استعمال کئے جاتے ہیں جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں ان کی تعداد 300 ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں