جدید تحقیقات کو کاشتکاروں کی دہلیز پر پہنچانا ناگزیر ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر ریسر چ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر عمران ارشد نے کہا ہے کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تحقیقات کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانا ناگزیر ہے تاکہ زرعی مسائل پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے سے کاشتکاری کو منافع بخش کاروبار بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کے 44ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈینز اور ڈائریکٹرز نے زرعی چیلنجز اور یونیورسٹی کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عمران ارشد نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں اور صنعت کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ تحقیق کو کسانوں تک پہنچا کر زرعی شعبے میں انقلاب لایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے گرمی برداشت کرنے والی گندم، ڈیورم گندم، سویابین، براسیکا، بھنڈی، مکئی، انڈسٹریل ہیمپ، چنا، کینوا، جوار، آم، سٹرس، کپاس اور دیگر فصلوں کی نئی اقسام متعارف کروائی ہیں۔ انہوں نے پیداوار بڑھانے اور لاگت کم کرنے میں پریسیشن ایگریکلچر کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی نے کسانوں کو رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ”کسان 360” ایپ بھی تیار کی ہے۔ بین الاقوامی تعاون کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر، سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی، چینی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ، آئی سی ڈی ڈی اور آئی ایس ٹی اے سیڈ لیب جیسے ادارے اپنا فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں