جدید ٹیکنالوجی نے نوجوانوں کو کیرئیر سے متعلق سوچ کو بدل ڈالا

اسلام آباد ( بیو رو چیف )کچھ برسوں میں ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے نوکری خاص طور پر کیرئیر سے متعلق نوجوانوں کی سوچ کو یکسر بدل کے رکھ دیا ہے۔ ڈیجیٹل معیشت کے مختلف چہرے ہیں۔ یہ وہ معیشت ہے جو خاموشی سے بنی، مگر اب دنیا بھر میں کھربوں ڈالر کی سطح پر پہنچ چکی ہے اور اسی میں سے پاکستان کے نواجوان بھی اپنا حصہ نکال رہے ہیں۔پاکستان میں یوٹیوب سے آمدن کا باقاعدہ نظام قریباً 2010 کے بعد فعال ہونا شروع ہوا، جب عالمی سطح پر اشتہاری نظام نے مقامی تخلیق کاروں کو بھی شامل کرنا شروع کیا۔ اس کے بعد سستے انٹرنیٹ اور موبائل فون کے پھیلا نے اس کو ایک عوامی ذریعہ بنا دیا۔آج پاکستان میں یوٹیوب صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک مکمل میڈیا نظام بن چکا ہے۔ پاکستان میں یوٹیوب پر دو واضح دھارے سامنے آئے ہیں۔ ایک تفریحی مواد بنانے والے، جن میں ولاگرز، مزاحیہ ویڈیوز بنانے والے اور روزمرہ زندگی دکھانے والے شامل ہیں۔ دوسرے وہ لوگ ہیں جو خبروں اور تجزیے کی طرف آئے ہیں۔آمدن کے لحاظ سے یوٹیوب ایک غیر منظم مگر طاقتور شعبہ ہے۔ بڑے یوٹیوبرز ایک ویڈیو کے بدلے لاکھوں روپے تک وصول کرتے ہیں جبکہ اشتہارات اور دیگر ذرائع سے ماہانہ آمدن کئی لاکھ روپے تک پہنچ جاتی ہے۔ مگر اس کے ساتھ ہزاروں ایسے بھی ہیں جو معمولی آمدن پر کام کر رہے ہیں۔اگر پاکستان کی نئی معیشت کا سب سے مضبوط ستون دیکھا جائے تو وہ آزاد پیشہ ورانہ خدمات یا فری لانسنگ ہے۔ حالیہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے آزاد پیشہ ور افراد نے صرف مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پانچ سو ستاون ملین ڈالر زر مبادلہ ملک میں لایا جو پچھلے سال کے مقابلے میں اٹھاون فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح مجموعی طور پر پاکستان کی اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور متعلقہ برآمدات چار اعشاریہ چھ ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں۔ جو کہ ایک بڑی سالانہ آمدن میں شمار ہوتی ہے۔ اس معیشت کا تیسرا پہلو پاکستان میں آن لائن کاروبار کا ہے۔ یہ صرف بڑی ویب سائٹس تک محدود نہیں بلکہ ہزاروں چھوٹے کاروبار سوشل میڈیا کے ذریعے چل رہے ہیں۔ اس معیشت کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا بڑا حصہ غیر رسمی ہے۔ یعنی بہت سے کاروبار رجسٹرڈ نہیں اور لین دین کا بڑا حصہ نقد ادائیگی پر ہوتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یوٹیوب، آزاد پیشہ ورانہ خدمات اور آن لائن کاروبار نوجوانوں کو تین چیزیں دیتے ہیں آمدن، آزادی اور اختیار یہ وہ چیزیں ہیں جو روایتی نظام فراہم نہیں کر پا رہا۔ جس کی وجہ سے کیرئیر چوائسز مکمل طور پر تبدیلی ہوتی نظر آ رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں