جرائم پیشہ افراد کی نگرانی،ٹریفک چالان کیلئے فیصل آباد میں خفیہ کیمرے نصب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیف سٹی پروگرام کے تحت شاہراہوں اور چوراہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگ گئے، چالانوں سے بچنے کیلئے شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہو گی۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں جرائم کی شرح کو روکنے کیلئے سیف سٹی پروگرام کے تحت شہر بھر میں اہم معروف شاہراہوں’ چوراہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔ شاہراہوں پر لوٹ مار کرنے والے اور دیگر جرائم پیشہ افراد پر کڑی نگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ سی سی ٹی وی کیمرے ٹریفک قوانین کی پاسداری کروانے میں بھی معاون ثابت ہونگے۔ شہریوں کو چالانوں سے بچنے کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری لازمی کرنا ہو گی ورنہ کیمرے کی آنکھ ان کے چالان کریگی اور شہریوں کو پتہ بھی نہیں چلے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ہیوی کیمرے رات کی تاریکی میں بھی اپنا کام کرتے ہیں۔ اندھیرے میں بھی ہائی پکسل کیمرے گاڑیوں’ موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس کو فوکس کر کے چالان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس لئے شہریوں کو چاہیے کہ وہ ازخود ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ کیونکہ اگر شہری ڈومیسائل’ کریکٹر سرٹیفکیٹس یا دیگر سرکاری امور کیلئے دفاتر جائیں گے تو ان کو پہلے ٹریفک وائلیشن کے باعث ہونیوالے چالانوں کی بھی ادائیگی کرنا ہو گی۔ اس لئے شہری چالانوں سے بچنے کیلئے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں