73

جشن عید میلادالنبیۖ مذہبی جوش وجذبہ سے منایا گیا (اداریہ)

ملک بھر میں عیدمیلادالنبیۖ مذہبی جوش وجذبہ سے منائی گئی، مساجد میں نماز فجر کے بعد پیارے آقا مکی مدنی کے حضور درودوسلام پیش کیا گیا فضائیں اﷲ اکبر کی صدائوں سے گونجتی رہیں اور ملک کی سلامتی وترقی کے لیے دعائیں مانگی گئیں، نبی کریمۖ کی ولادت باسعادت کا جشن منایا گیا جلوسوں کے راستوں میں شربت اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں جہاں عاشقان رسولۖ کو مشروبات پیش کئے جاتے رہے جلوس کے شرکاء نے روضہ رسولۖ کے ماڈلز کی نمائش بھی کی جلوسوں کے شرکاء سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے لگاتے درود پڑھتے ہوئے جلوسوں کے ہمراہ چلتے رہے نعت خواں حضرات نے نبی کریم کی خدمت میں ہدیہ نعت پیش کیا سرکاری سطح پر اس موقع پر سیمینارز اور تقریبات کا بھی انعقاد ہوا جہاں اﷲ کے پیارے نبی کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی، سرکاری ونجی عمارتوں پر جھنڈے اور جھنڈیاں لگائی گئیں رات کو سرکاری ونجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ چاروںصوبائی دارالحکومتوں میں بھی 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر کی صدائیں بلند کیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں منعقدہ محفل میلاد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریمۖ کی ذات اقدس نے کائنات میں جہالت کے اندھیروں کو مٹایا انہوں نے کہا کہ یہ دن انتہائی مبارک ہے، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں سیرت النبیۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں زندگی کیلئے راہنما اصول فراہم کرتا ہے نبی پاکۖ کی ذات طیبہ ہمارے لئے زندگی بسر کرنے کا بہترین نمونہ ہے اﷲ نے رسول پاکۖ کو امت کیلئے معلم بنا کر بھیجا مقاصد کا حصول علم کے بغیر ممکن نہیں اﷲ کے نبی نے مثالی اسلامی معاشرے کی بنیاد رکھی اﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید کے نزول کا آغاز ہی اقراء سے کیا سرکار دوجہاں کی ولادت باسعادت نے دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں بدل دیا آپ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے،، ملک بھر کی طرح فیصل آباد ڈویژن میں بھی جشن عیدمیلادالنبیۖ انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا مساجد میں نماز فجر کے بعد محافل میلادالنبیۖ منعقد ہوئیں اور نبی کریمۖ کے حضور ہدیہ نعت پیش کیا گیا ملکی ترقی وسلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں بعدازاں عیدمیلادالنبیۖ کے جلوس نکالے گئے شرکاء جلوس درود وسلام کی صدائیں بلند کرتے رہے اس سلسلے میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ڈویژن بھر میں کسی بھی جگہ پر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا ڈویژنل کمشنر کے احکامات پر چاروں اضلاع کی انتظامیہ نے مثالی انتظامات کئے آر پی او کے حکم پر چاروں اضلاع میں محافل میلاد’ مساجد اور عیدمیلادالنبیۖ کے جلوسوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی شہر کے آٹھوں بازاروں میں تاجر اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے جلوسوں کے شرکاء کے لیے خیرمقدمی بینرز آویزاں کئے گئے تھے جبکہ شرکاء کو مشروبات پیش کئے گئے مذہبی تنظیموں کے رضاکار بھی جلوسوں کے شرکاء کو نیاز پیش کرتے رہے تاجر تنظیموں کی جانب سے بھی نیاز تقسیم کی گئی شہر بھر کی کاروباری اور تجارتی تنظیموں اور فلاحی اداروں سیاسی راہنمائوں نے عیدمیلادالنبیۖ کے جلوسوں’ محافل کی تقریبات کی فول پروف سکیورٹی پر انتظامیہ اور پولیس افسران واہلکاروں کو قیام امن کیلئے مثالی انتظامات کرنے پرشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں