57

جشن عید میلاد النبی ۖ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جشن عیدمیلادالنبیۖ عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وخروش سے منایا گیا، صبح کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی’ محافل اور درود پاک سے ہوا، جشن عیدمیلادالنبیۖ پر 143 جلوس اور 20محافل منعقد ہوئیں، مرکزی جلوس جامعہ رضویہ جھنگ بازار سے برآمد ہوا اور شہر بھر سے نکلنے والے جلوس اور ریلیاں اس میں شامل ہوتی رہی۔ عاشقان رسول حضرت محمد مصطفیۖ پر درود وسلام’ نعت خوانی کرتے رہے، فضاء درودوسلام سے گونج اٹھی۔ جلوس’ ریلیوں اور محافل کی سکیورٹی کیلئے 5ایس پیز’ 17 ڈی ایس پیز’ 11انسپکٹرز’ 111 سب انسپکٹرز’ 318 اے ایس آئی’ 283 ہیڈ کانسٹیبلز اور 2520 کانسٹیبلان نے فرائض سرانجام دیئے۔ جبکہ ایلیٹ فورس کی 8 ٹیمیں’ 45موبائل گشت سیکٹروائز اور 47 ڈولفن کے جوان بھی ڈیوٹی پر موجود رہے جبکہ ریسکیو1122 کی طرف سے بھی عیدمیلادالنبیۖ کے موقع پر 20 ریسکیو پوسٹیں اور تنگ گلی محلوں میںبروقت رسپانس کیلئے 100 ریسکیو موٹربائیکس پر عملہ متحرک رہا، ضلع بھر کے ساتھ ساتھ تحصیلوں میں بھی 35 مقامات پر ریسکیو سٹاف’ ایمبولینسز’ فائر وہیکلز کے عملہ نے فرائض سرانجام دیئے۔ عیدمیلادالنبیۖ کے جلوسوں اور ریلیوں کے راستوں پر عاشقان رسولۖ نے سبیلیں اور لنگر تقسیم بھی کرتے رہے۔ عاشقان رسولۖ نے بسوں’ گاڑیوں’ موٹرسائیکلوں’ ٹریکٹر ٹرالیوں کو آرائشی سامان سے خوبصورت انداز میں سجا کر اور بچوں نے گلی محلوں میں پہاڑی بنا کر حضور اکرمۖ سے عقیدت کا اظہار کیا۔ ریلیوں میں عاشقان رسولۖ نعت خوانی اور درودوسلام پڑھتے رہے۔ نورانی محافل میں نعت خواں اور مقررین حضورۖ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ شہر کے اکثر علاقوں میں گھروں’ گلی محلوں کو برقی قمقموں اور آرائشی سامان سے سجایا گیا تھا۔ چوک گھنٹہ گھر اور دیگر مقامات پر عیدمیلادالنبیۖ کے حوالے سے کیک کاٹے گئے۔ میلاد کمیٹی اور تاجروں کی طرف سے چوک گھنٹہ گھر اور ملحقہ بازاروں میں سٹیج لگا کر آنیوالے جلوسوں اور ریلیوں کو خوش آمدید کہا اور خوبصورت سجاوٹ کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کو تحائف بھی پیش کئے گئے شہر کی فضاء سارا دن درود وسلام سے گونجتی رہی۔ تاہم اس موقع پر ضلعی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں