29

جعفر ایکسپریس میں خوفناک دھماکہ

چیچہ وطنی(نامہ نگار)چیچہ وطنی کے قریب کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق جبکہ8سے زائد مسافر زخمی ہیں ۔جعفر ایکسپریس میں دھماکہ بوگی نمبر چار کے واش روم میں ہوا ، بوگی نمبر چار میں14تبلیغی جماعت کے لوگ موجود تھے ‘ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس لیکج کے باعث یکدم دھماکہ ہوگیا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین میں دھماکہ میاں چنوں سے نکلتے ہی ہوا تھا، مسافر ایمرجنسی چین کھینچتے رہے مگرعملے نے دھیان نہیں دیا۔ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس میں دھماکا سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا جبکہ دھماکے میں جاں بحق خاتون کی شناخت کر لی گئی ہے۔جاں بحق ہونے والی خاتون بہاولپور کی رہائشی تھی۔دھماکا اکانومی کلاس کی بوگی میں ہوا ۔زخمیوں کو ٹرین سے نکال کر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔آر پی او ساہیوال، ڈی پی او اور ضلعی پولیس افسران اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد ٹرین کی دیگر بوگیوں کو کلیئر قرار دے دیا۔ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس کو چیچہ وطنی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا تھا تاہم ٹرین کی دیگر بوگیوں کو کلیئر قرار دے کر روانہ کر دیا گیا ‘ دوسری جانب نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں