جعلی پتی تیار کرنیوالا یونٹ پکڑا گیا،900کلو ملاوٹی پتی تلف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سدھار کے قریب چراغ آباد میں مضرصحت’ ملاوٹی چائے پتی تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی’ مالک کو گرفتار کر کے 9سو کلو ملاوٹی چائے’ 285 کلو دال ماش اور دیگر سامان قبضہ میں لیکر تلف کر دیئے، جبکہ بھاری مشینری ضبط کر کے تھانہ ٹھیکری والا میں مقدمہ درج کروا دیا۔ تفصیل کے مطابق فوڈ سیفٹی آفیسر احسن محمود نے اطلاع ملنے پر عملہ کے ہمراہ 67 ج ب سدھار سے ملحقہ اضافی آبادی چراغ آباد میں جعلی پتی تیار کرنیوالی فیکٹری پر چھاپہ مار کر فیکٹری مالک سمیع اﷲ کو حراست میں لے لیا اور موقع پر 900 کلو ملاوٹی چائے پتی’ 285 کلو دال ماش’ دیگر سامان ومشینری قبضہ میں لے لی۔ ملزمان استعمال شدہ پتی کو دوبارہ رنگ لگا کر مختلف برانڈ کے پیکٹ میں بھر کر شہر بھر میں فروخت کرتے تھے۔ موقع پر موجود سامان کو قبضہ میں لے لیا گیا اور سیمپل لیبارٹری بھجوا کر فیکٹری مالک سمیع اﷲ کو حوالہ پولیس کر کے مقدمہ درج کروا دیا۔ فوڈ اتھارٹی افسران کا کہنا تھا کہ ایکسپائر اشیاء کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے۔ شہری کھانے پینے کی اشیاء کی خرید سے قبل تاریخ اجراء اور تنسیخ کو ضرور پڑھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں