جماعت اسلامی عیدالفطر کے بعد آئی پی پیز کیخلاف دوبارہ تحریک شروع کریگی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے عیدالفطرکے بعدبجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے خلاف ملک گیر پرامن مزاحمتی تحریک دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ۔گورنرز اور وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے گھیراؤ کے بعد لانگ مارچ کی کال دیں گے، پورے ملک سے قافلے نکلیں گے، کسان، مزدور، طلبا سمیت عوام کی بڑی تعداد اپنے حقوق کے حصول کیلئے سڑکوں پرآئیںگے،عوام کو ریلیف نہ ملاتو حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکردیں گے۔ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے منصورہ میں مرکزی شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے بعدالمرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں کارکنوں کے ایک وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف کی طرف سے مہنگائی کے خاتمہ اور معاشی اشاریوں کی بہتری کے دعوے عوام کو دھوکہ دہی کے سوا کچھ نہیں۔ اشیائے خورد و نوش اور اشیائے ضرورت کی قیمتیں مسلسل بڑھتی جارہی ہیں، بجلی، گیس، پٹرول کی خریداری صارفین کے لیے بڑا بوجھ بن گئی ہے، تنخواہ دار طبقہ، کلرک، پنشنرز کے حالات ابتر ہیں، تعمیراتی سیکٹر پر ناروا سختیاں اور ناروا بوجھ سے 45 انڈسٹریز بند ہونے کا باعث ہیں۔ وزیراعظم، وزیرخزانہ معاشی بہتری کے لیے آزمائے، فرسودہ اور ناکارہ حربے استعمال کرنے کی بجائے عوام کا اعتماد بحال کریں، ملکی صنعت کاروں، سرمایہ کاروں، بیرونِ ملک پاکستانیوں پر انحصار کریں تو مستقل بنیادوں پر معیشت بحال ہوگی، وگرنہ حکومت ملک کو مزید قرضوں، کرپشن میں مبتلا کرکے رُخصت ہوجائے گی اور حسبِ دستور ملک کا بڑا نقصان ہوجائے گا۔ جماعتِ اسلامی امانت و دیانت، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اپنے قومی انسانی وسائل پر انحصار کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، تمام محبت وطن، اہل نوجوانوں اور بے لوث ماہرین کی طاقت سے وطن عزیز کو حقیقی کامیابی اور ترقی کی شاہراہ پر لائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں