جماعت اسلامی کا صہیونی افواج کیخلاف ملک گیر سطح پر احتجاج کا اعلان

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی نے فلسطین کی موجودہ صورتحال غزہ پر صہیونی افواج کی سفاکیت کے تناظر میں ملک گیر سطح پرعوامی احتجاج کااعلان کردیا۔11 اپریل کو لاہورمیں امریکی قونصل خانہ کی جانب مارچ ہو گاجبکہ20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کی جانب مارچ کیا جائیگا۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ ،جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھاراایڈووکیٹ نے تفصیلات کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دنیا بھرمیں ایک ہی روز غزہ کے حوالہ سے یوم ہڑتال منانے کیلئے اسلامی تنظیموں سے بھی رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔پاکستان کو مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے حکومتی اوراپوزیشن پارٹیوں میں سے کوئی بھی امریکا اور اسرائیل کی مذمت نہیں کررہا، سب ٹرمپ کی خوشنودی کا حصول چاہتے ہیں، اس موقع پر حماس کی حمایت نہ کرنا اور غزہ میں جاری ظلم پر خاموشی سب سے بڑی منافقت ہے۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ مارچز اور مظاہروں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں تاکہ پوری دنیا اور خصوصی طور پر ملک کے حکمرانوں کو یہ پیغام جائے کہ پاکستانی قوم ڈالروں کے عوض بکنے والی نہیں اور پاکستانیوں اور فلسطینیوں کا رشتہ ایمان کا ہے،مظلوموں کے لیے نہ کھڑے ہوئے تو روز محشر حضور پاک ۖ کو کیا منہ دکھائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سے پارلیمنٹیرین کا وفد ترکی، سعودی عرب، اردن، مصر، ایران، قطر اور دیگر اسلامی ممالک کی حکومتوں کے ممبران سے ملے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لیے علاقہ کی جانب مارچ کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں