جماعت اسلامی کا ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی سزائوں کی وجہ سے ہونے والی خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات میںحصہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں نے ضمنی انتخابات کو فارم 47کاتسلسل قرار دیتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کاموقف ہے کہ سیاسی کارکنوںکو پابند سلاسل کرنا جمہوری حکومتوںکا خاصہ نہیں ہوتا، حکومت اپنے اقتدارکوقائم رکھنے کیلئے انتقامی کارروائیوںپراترآئی ہے حالانکہ حکمران خود ایسی سزائیں بھگت چکے ہیں ،اگرسابقہ حکومتوںنے اچھانہیں کیاتوموجودہ حکومت کواس روش کو ختم کردیناچایئے لیکن اقتدارکی ہوس نے انہیں سب کچھ بھلادیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی بحرانوں سے نجات کے لیے سیاسی قیادت بند گلی سے باہر آئے۔ہمیشہ سیاسی مذاکرات ہی حل اور استحکام کا ذریعہ بنتے ہیں۔ حکومت اور سیاسی جماعتیں قومی ترجیحات اورقومی ایجنڈے پر اتفاقِ رائے پیدا کر کے اپنے اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کی جائے تویہ طریقہ سیاسی کارکنان میں اعتماد پیدا کرے گا اور پُرامن سیاسی جمہوری مزاحمت اپنا راستہ بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاک بھارت کشیدہ تعلقات، قومی وجود و سلامتی پر بھارتی جارحیت کے مقابلہ کے لیے پوری قوم نے تمام اختلافات بھلا دیے،یک جان و یک آواز ہوگئے،پوری قوم نے ازخود وحدت و یکجہتی کا ماحول پیدا کردیا ۔ اب حکومت کا فرض بنتاہے کہ ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑکراور تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک بھرکی تمام سیاسی قوتوںکوایک پیچ پر لے آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں