جماعت اسلامی کا کسان بچائو پاکستان بچائو تحریک کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدرسردارظفرحسین خاں نے کہاہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پرپنجاب میں ” کسان بچاؤ پاکستان بچاؤ” تحریک کا آغاز ہوچکا ہے۔ کسانوںکے مطالبات کے حق میں پنجاب بھرمیں 24، 25 اور26 اکتوبر کو روڈکارو ا ں ہوگا بعدمیںاس کو پورے پاکستان تک پھیلادیاجائے گا۔پنجاب کے تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں کسانوں سے اظہارِ یکجہتی اور حکومتی نااہلی کے خلاف احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 70 فیصد آبادی براہِ راست یا بالواسطہ زراعت سے وابستہ ہونے کے باوجود حکومت زراعت کی ترقی کیلئے کسانوں کو سہولیات دینے کی بجائے انہیں زندہ درگور کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔ افسر شاہی کی غلط پالیسیوں اور کمیشن مافیا کی ملی بھگت کے باعث آج کسان در بدر ہے۔ کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔وطن عزیز کی زراعت سے وابستہ70 فیصد آبادی حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے بدترین معاشی مشکلات کا شکار ہے ۔اگرملک کو واقعی ایشین ٹائیگر بناناہے تو حکومت کو زراعت اور صنعت کی طرف فوری توجہ دیناہوگی، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں سے ملک نہیں چلے گا۔انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ ملک میں زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کرتے ہوئے زراعت کیلئے کسانوں کے نمائندوں کی مشاورت سے زرعی پالیسی کا اعلان کیا جائے، زرعی اور زرخیز زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی عائد کی جائے، زرعی اجناس کی پیدواری لاگت کم کرنے کے لیے زرعی ان پٹس جن میں کھاد اور زرعی ادویات شامل ہیں پر سبسڈی دی جائے،بجلی، گیس اور ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں