جماعت اسلامی کے شوگرمافیا کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے کارکنوں نے حافظ نعیم الرحمن کی کال پر مہنگی بجلی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور شوگر مافیا کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے سلسلہ میں فیصل آبادمیں بھی نمازجمعہ کے بعد شہربھرمیں مرکزی مساجدکے باہرپرامن احتجاجی مظاہرے کئے۔جامع مسجد مجاہد ہسپتال کے سامنے والے مظاہرہ کی قیادت ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کی جبکہ ریلوے اسٹیشن کے سامنے ہونے والے مظاہرہ کی قیادت میاں طاہر ایوب،خالدمحمودچوہدری، میاں آصف اسلام نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راہنماں نے کہاکہ شیر نے بھی چینی کھانا شروع کردی ہے۔ فارم سنتالیس سے مسلط جعلی حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد اور ان کی جانب سے شوگر مافیا کی مکمل سرپرستی ملک و قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہورہی ہے، جماعت اسلامی کرپٹ نظام اور سات دہائیوں سے مسلط ٹولے کے خلاف منظم اور پرامن جدوجہد کا ازسر نو آغاز کردیا ہے، فرسودہ نظام اور اس کے چوکیداروں سے خلاصی کے بغیر نجات کا کوئی راستہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں موجود مختلف مافیاز کو حکمرانوں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے اور یہ سب طبقات مل کر عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، حکمران عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دفن کررہے ہیں، اپنی مراعات اور عیاشیاں ترک کرنے کو تیار نہیں۔چینی کی قیمت دوسو روپے کلو تک پہنچ چکی ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔حکمرانوں نے رات کے اندھیرے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں چوتھی اور پندرہ دنوں میں دوسری دفعہ اضافہ کیا۔ آئی پی پیز سے معاہدوں کے باوجود بجلی کی قیمت میں مطلوبہ کمی نہیں ہوئی۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ بجلی کی قیمت کاتعین لاگت کے مطابق کیا جائے۔ آئی پی پیز سے مہنگے اور ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں