جنرل ساحر شمشاد آخری CJCSC

اسلام آباد (بیوروچیف) جنرل ساحر شمشاد مرزا مسلح افواج کے18ویں اور آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) ہوں گے جو 27نومبر 2025 کو اپنی ملازمت کی مقررہ مدت پوری کریں گے۔ آئین میں 27ویں ترمیم کے نتیجے میں، ان کے بعد کوئی CJCSCنامزد نہیں کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 7چیئرمینوں کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے مقرر کیا تھا یا انہوں نے ان کے تحت خدمات انجام دیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جنرل مرزا اس عہدے پر اپنے 3سال مکمل کر رہے ہوں گے جبکہ مرحوم جنرل اقبال خان سب سے طویل عرصے تک CJCSCرہے جنہوں نے 3سال اور 344دن تک یہ عہدہ سنبھالا۔ ریٹائرڈ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اس عہدے پر صرف 50 دن گزارے، جنہوں نے کم ترین مدت تک یہ عہدہ سنبھالا کیونکہ وہ اسے قائم مقام چارج کے طور پر سنبھال رہے تھے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا کو وزیراعظم شہباز شریف نے مقرر کیا تھا جبکہ جنرل شمیم عالم، جنرل جہانگیر کرامت، جنرل پرویز مشرف، جنرل خالد شمیم وائیں، جنرل اشفاق پرویز کیانی، جنرل راشد محمود اور جنرل زبیر حیات محمود کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے مقرر کیا تھا یا انہوں نے اپنے متعلقہ دورِ ملازمت میں ان کے تحت خدمات انجام دیں۔ پہلے CJCSC جنرل محمد شریف تھے جنہیں اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 1مارچ 1976 کو مقرر کیا تھا۔ ایڈمرل محمد شریف اور ایڈمرل افتخار احمد سروہی نیوی سے تھے جبکہ پاکستان ایئر فورس (PAF)سے صرف ایئر چیف مارشل فاروق فیروز خان نے بطور CJCSCخدمات انجام دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں