جنگلی حیات کاتحفظ کرنا ہمارا فرض ہے’مریم نواز

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جنگلی حیات کو زمین پر حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے ناگزیر قرار دیا ہے ۔ جنگلی حیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے جنگلی حیات کے تحفظ، بقا اور فروغ کیلئے کئے گئے تاریخی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے موثر اور اختراعی اقدامات کئے گئے ہیں۔عوام جنگلی حیات کے تحفظ میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ یہ مستقبل کا قیمتی سرمایہ ہیں اورانکاتحفظ ہماری ذمہ داری ہے ۔ پنجاب حکومت نے غیر قانونی شکار اور غیر قانونی ملکیت کی روک تھام کیلئے پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974 اور پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ میں تاریخی ترامیم منظور کی ہیں، جبکہ وائلڈ لائف ہیلپ لائن 1107 مکمل طور پر فعال ہے ۔ پہلی مرتبہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی جانوروں کی مردم شماری کا نظام نافذ کیا گیا ہے ، جبکہ ریسکیو کئے گئے جانوروں کی نگرانی کیلئے جی پی ایس اور کالر ٹریکر سسٹم متعارف کرایا گیا ہے ۔ سفاری چڑیا گھر لاہور میں تھری ڈی سکرین، جانوروں کے مجسمے اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔پنجاب کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال کا 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ، جہاں ہر جانور کیلئے ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں گے ۔ سفاری زو میں 7D وائلڈ لائف سینما بھی تکمیل کے قریب ہے ، جبکہ 360 ڈگری ورچوئل چڑیا گھر بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔مزید برآں چھانگا مانگا، اوچھالی جھیل، چشمہ بانسرا گلی، زوالوجیکل گارڈن مری اور مری ڈائیورسٹی پارک کی تعمیر و تزئین جاری ہے ۔وزیراعلی نے کہا کہ مقید جانوروں اور پرندوں کیلئے رہائشی معیار کا تعین ایک اہم اقدام ہے ۔ پنجاب نے 544 وائلڈ لائف رینجرز متعارف کرا کر جدید اسلحہ، آئی ٹی، ڈرونز، باڈی کیم اور نائٹ وژن آلات فراہم کر کے نمایاں پیش رفت کی ہے ۔ صحرائی علاقوں میں مقامی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کیلئے بائیکس پر مشتمل خصوصی سکواڈ قائم کیا گیا ہے ، جبکہ وائلڈ لائف فورس کے قیام سے جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ اینیمل رائٹس اینڈ پروٹیکشن ایکٹ کو مزید جامع اور مثر بنایا گیا ہے ، غیر قانونی شکار، جانوروں اور پرندوں کی غیر قانونی قید اور تشدد کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ حکومت اسلامی تعلیمات اور قانونی تقاضوں کے مطابق جانوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے ۔ جنگلی جانور اور پرندے فطری توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ نایاب نسلوں کے تحفظ سے سیاحت اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں