جونیئر ہاکی ورلڈکپ۔ پاکستان کا اپنے میچز بھارت سے دوسرے ملک منتقل کرنیکا مطالبہ

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کے میچ بھارت سے دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو خط لکھ کر بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کے میچز کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے اپنے خط میں پاکستانی کھلاڑیوں کو درپیش سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا اور پاکستان ہاکی ٹیم کے میچ بھارت کے بجائے نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا مطالبہ کیا۔جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر کو بھارت میں شروع ہوگا اور 11 دسمبر تک جاری رہے گا۔ واضح رہے اس سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم بھی ایشیا کپ کھیلنے بھارت نہیں گئی تھی۔دریں اثنا انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ)نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)کو جونئیر ہاکی ورلڈکپ 2025 میں شرکت کیلئے خط لکھ دیا۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں جونئیر ہاکی ورلڈکپ 2025 کے لیے کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی لسٹیں مانگی گئی ہیں۔پی ایچ ایف نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی کے خط سے متعلق حکومت پاکستان اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو آگاہ کردیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق بگٹی کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق جونئیر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں