جون ایلیا کی یاد میں ہونیوالا ادبی میلہ اختتام پذیر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں تین روزہ جشن جون ایلیا عشق آباد ادب،فکر اور محبتیں سمیٹ کر اختتام پذیر ہوگیا۔عظیم شاعر، فلسفی اور دانشور جون ایلیا کی یاد میں فیصل آباد آرٹس کونسل کے نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والا تین روزہ ادبی میلہ کا اہتمام معروف شاعر عباس تابش نے پنجاب کونسل آف آرٹس کے اشتراک سے کیا۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے افتتاحی روز بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اصغر ندیم سید،افتخار عارف،حماد غزنوی،عباس تابش،ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،وائس چانسلر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی خاں،انٹرلوپ سے ہمایوں ودیگر شریک ہوئے۔شرکا نے شاعری کے بے تاج بادشاہ سید حسین سبط اصغر نقوی المعروف جون ایلیا کو خراج عقیدت پیش کیا۔کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد میں ایسی تقریبات کا انعقاد ناگزیر ہے اورڈویژنل انتظامیہ اداروں کے ساتھ مل کر ثقافت اجاگر کرنے کے لئے پرعزم ہے۔جشن جون ایلیا کے موقع پر جون ایلیا کی شاعری، فکر اور فکری ورثے پر مبنی علمی مباحثے، ادبی مذاکرے اور شاندار مشاعرے منعقد کئے گئے جن میں شہر اور گرد و نواح سے ہزاروں کی تعداد میں ادب دوست افراد،طلبہ اور شاعری کے شائقین شریک ہوئے اور پروگراموں سے خوب محظوظ ہوتے رہے۔تقریبات میں معروف رائٹر و بینکر ظفر مسعود،حماد غزنوی، افتخار عارف،ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور معروف فنکار منور سعید سمیت دیگر ممتاز شعرا اور ادبا نے شرکت کی اور جون ایلیا کی یاد میں اپنی شاعری و خیالات پیش کئے۔مقررین نے جون ایلیا کو اردو ادب کی ایک منفرد، بے باک اور سوال اٹھانے والی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری آج بھی فکر کو جھنجھوڑتی اور قاری کو سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف صحافی سہیل وڑائچ،فواد حسن فواد،اجمل جامی ودیگر مہمانوں کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی ادبی سرگرمیاں نہ صرف عظیم شعرا کو خراج تحسین پیش کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ نئی نسل کو اردو ادب، مطالعہ اور مکالمے کی روایت سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔منتظمین کے مطابق جشن جون ایلیا،عشق آباد فیصل آباد میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک اہم کڑی ہے جو اتوار کے روز ایک عظیم الشان مشاعرے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں