جڑانوالہ،FWMCکے ملازمین نے نالیوں کی صفائی کرنا چھوڑ دیا

جڑانوالہ(نامہ نگار) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین نے اندرون شہر کی آبادیوں میں نالیوں کی صفائی کرنا چھوڑ دیا، کئی علاقوں میں نالیوں کی صفائی نہ ہونے پر بدبو اور تعفن پھیلنے لگا،افسران کی مبینہ غفلت کے باعث ستھرا پنجاب کے ثمرات فوٹو سیشن تک محدود ہو گئے، عوامی سماجی حلقوں کا وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے اس گھمبیر صورتحال کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت تحصیل جڑانوالہ و کھرڑیانوالہ میں تقریباً 18ارب روپے کی خطیر رقم سے صفائی ستھرائی کا منصوبہ شروع کیا گیا جسے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے حاصل کیا،ذرائع کے مطابق فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اندرون شہر و دیہات میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سیوریج نالیوں کی صفائی یقینی بنانے کیلئے 1200سے زائد ورکرز بھرتی کئے ہوئے ہیں تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کو کامیاب بنایا جا سکے وسیع تر وسائل ورکرز کی فراہمی خطیر رقم کی ادائیگی کے باوجود اندرون شہر میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ستھرا پنجاب مبینہ طور پر ناکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین گلی محلوں سے صرف کوڑا کرکٹ اٹھاتے دکھائی دیتے ہیں مگر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین نے نالیوں کی صفائی کرنا چھوڑ دیا ہے جسکے باعث اکثر گلی محلوں میں گندا پانی کھڑا ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے نالیوں کی صفائی نہ ہونے پر کھڑے گندے پانی سے بدبو اور تعفن پھیلنے کا خدشہ بھی لاحق ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف ڈبلیو ایم سی نے میونسپل کمیٹی کے ساتھ کئے گئے معاہدہ کے تحت 2فٹ تک چوڑائی والے نالوں اور نالیوں کی صفائی کرنا ہے مگر مذکورہ کمپنی مبینہ طور پر کام کرنے میں لیت و لیل سے کام رہی ہے جبکہ ستھرا پنجاب مہم کو مانیٹرنگ کرنے والے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحصیل افسران مبینہ طور پر فوٹو سیشن تک محدود ہو چکے ہیں۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے اس گھمبیر صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کی آبادیوں میں نالیوں کی صفائی بھی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں