جڑانوالہ ،اتائیوں کا انسانی جانوں سے کھیلنا معمول بن گیا

جڑانوالہ(نامہ نگار) محکمہ صحت کی مبینہ چشم پوشی کے باعث نجی کلینک کے نان کوالیفائیڈ عملہ کی نہ تجربہ کاری نے زچہ بچہ کو موت کی وادی میں دھکیل دیا،عوامی سماجی حلقوں کا حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔محکمہ صحت کی مبینہ چشم پوشی کے باعث جڑانوالہ و گرد و نواح میں قائم نجی پرائیویٹ کلینکس و ہسپتالوں میں انسانی جانوں کا ضا ئع معمول بن چکا ہے، آئے روز پرائیویٹ کلینکس و ہسپتالوں میں نان کوالیفائیڈ عملہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث زچہ بچہ کی اموات خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے جبکہ متعدد پرائیویٹ کلینکس و ہسپتال ناجائز حمل گرانے کے مکروہ دھندہ میں ملوث ہے۔ 2روز قبل فیصل آباد روڈ پر گندے نالے کی صفائی کے دوران نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی تھی جبکہ محکمہ صحت کی مبینہ مجرمانہ خاموشی کے باعث محمد بی بی کالونی میں ایل ایچ وی کے کلینک میں موجود نان کوالفیائیڈ عملہ کی نہ تجربہ کاری کے باعث محلہ رشید پارک کی رہائشی ڈلوری کیلئے آئی خاتون کی حالت بگڑ گئی اور اس کا بچہ مبینہ طور پر پیٹ میں ہی دم توڑ گیا خاتون کی حالت بگڑنے پر مذکورہ کلینک کے عملہ نے اسے دوسرے ہسپتال لے جانیکا مشورہ دے دیا جس پر خاتون کے ورثا اسے فیصل آباد روڈ پر قائم نجی پرائیویٹ ہسپتال لے گئے جہاں چند گھنٹے موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد خاتون بھی دم توڑ گئی، نجی کلینک میں نہ تجربہ کار نان کوالیفائیڈ عملہ کے ہاتھوں زچہ وبچہ کی ہلاکت پر عوامی سماجی حلقوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور سی ای او ہیلتھ فیصل آباد سے اپیل کی ہے کہ جڑانوالہ و گرد و نواح میں قائم نجی پرائیویٹ کلینکس و ہسپتالوں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں