جڑانوالہ روڈ،جلوی مارکیٹ میں گرینڈ آپریشن،پختہ تجاوزات کا صفایا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر وایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد مریم خان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرنگرانی میونسپل ریگولیشن آفیسر حافظہ عظمت فردوس نے ماتحت عملہ کے ہمراہ جڑانوالہ روڈ پر جلوی مارکیٹ میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پختہ وعارضی تجاوزات کو مسمار کر دیا اور فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں کیلئے کلیئر کروا دیا۔ جلوی مارکیٹ اور جڑانوالہ روڈ پر عرصہ دراز سے پختہ تجاوزات کے خاتمہ پر اہل علاقہ کا ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین۔ تفصیل کے مطابق جڑانوالہ روڈ پر واقع بڑی کمرشل جلوی مارکیٹ کے اندر دکانداروں نے پختہ تھڑے تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ عارضی تجاوزات کر رکھی تھیں۔ جسکی وجہ سے وہاں پر خریداری کیلئے آنیوالی بالخصوص خواتین کو گزرنے کیلئے شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ سابقہ ادوار میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران پسند’ ناپسند اور سیاسی اثرورسوخ کی وجہ سے جلوی مارکیٹ میں تجاوزات کا خاتمہ نہ کیا جا سکا تھا۔ تاہم اس مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد ریگولیشن آفیسر حافظہ عظمت فردوس نے جلوی مارکیٹ’ جڑانوالہ روڈ پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پختہ تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا۔ دکانوں کے اوپر لگائے جانے والے شیڈز کو بھی گرا دیا گیا۔ تجاوزات کے خاتمہ کے بعد جلوی مارکیٹ اور جڑانوالہ روڈ کے فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کیلئے کلیئر کروا دیئے۔ جبکہ جڑانوالہ مین روڈ پر پختہ تجاوزات کرنے والوں کو ازخود تجاوزات ہٹانے کیلئے دو دن کا وقت دیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے ازخود پختہ تجاوزات کا خاتمہ نہ کیا تو دوبارہ آپریشن کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائیگی اور سامان ضبط کر لیا جائے گا۔ تاہم شہری حلقوں واہل علاقہ نے جلوی مارکیٹ میں تجاوزات کے خاتمہ پر ضلعی انتظامیہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے کہ عرصہ کے بعد جلوی مارکیٹ سے پختہ وعارضی تجاوزات کے خاتمہ اور دکانوں کے شیڈز کو ہٹانے پر جلوی مارکیٹ کے بازار کشادہ نظر آنے لگے۔ بالخصوص جلوی مارکیٹ میں خریداری کیلئے آنیوالی خواتین نے سکھ کا سانس لیا کہ جن بازاروں سے گزرنا مشکل تھا، آج باآسانی خریداری کر سکتی ہیں۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی طرف سے دکانداروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بازاروں’ شاہراہوں پر قائم تجاوزات کو فوری طور پر ازخود ہٹالیں بصورت دیگر تجاوز شدہ سامان بھی ضبط کر لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں