جڑانوالہ(نامہ نگار)جڑانوالہ بااثر افراد نے غریب محنت کش کے مکان پر مبینہ قبضہ کرکے قیمتی گھریلو سامان گلی میں پھینک دیا،متاثرہ خاندان 12 دن سے معصوم بچیوں کے ساتھ سخت سردی میں کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور،پولیس تھانہ بلوچنی بھی مبینہ طور پر بے بس خاندان کو انصاف فراہم کرنے سے گریزاں، متاثرہ خاندان کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،ائی جی پنجاب،آر پی او،سی پی او فیصل آباد سے انصاف و تحفظ کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صوبہ بھر میں مبینہ قبضہ مافیا کے خلاف واضح احکامات پر عملدرآمد زبانی جمع خرچ تک محدود ہو کر رہ گیا ہے جڑانوالہ تھانہ بلوچنی کی حدود چک نمبر 61 ر-ب میں بااثر افراد نے تقریبا 12 دن قبل غریب محنت کش زاہد کے گھر پر مبینہ طور پر قبضہ کرکے قیمتی گھریلو سامان گلی میں پھینک کر اسکے مکان کو تالے رکھے ہیں جس پر متاثرہ خاندان معصوم بچیوں کے ساتھ سخت سردی میں بے یار و مددگار کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکا ہے اور کسی مسیحا کا منتظر ہے متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ مذکورہ گھر میں 3 سال سے سوئی گیس کا میٹر بھی انکے نام پر لگا ہوا ہے اور محکمہ مال کے ریکارڈ جمعبندی میں بھی انکا نام درج ہے مگر اسکے باوجود دیہہ ہذا کے بااثر افراد نے ظلم و ستم کی انتہا کرتے ہوئے انکے مکان پر نہ صرف مبینہ طور پر قبضہ کر لیا بلکہ ان کا قیمتی گھریلو سامان بھی باہر گلی میں پھینک دیا ہے متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ تقریبا 12 دن قبل پولیس تھانہ بلوچنی کو بھی آگاہ کیا گیا مگر پولیس مبینہ طور پر بااثر افراد کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے متاثرہ خاندان کا کہنا ہے بلکہ انکی عمر بھر کی جمع پونجی گھریلو سامان چوری ہونے کا بھی جبکہ پولیس تھانہ بلوچنی کی جانب سے کارروائی نہ ہونے پر بااثر افراد مبینہ طور پر انکی معصوم بچیوں کو قتل و اغوا جیسے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں متاثرہ خاندان نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف،ائی جی پنجاب،ار پی او،سی پی او فیصل آباد سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ انکے ساتھ ہونیوالے ظلم و ستم کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور مبینہ طور پر قبضہ کرنیوالے بااثر افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا کر انکے سروں کی چھت واپس دلوائی جائے۔




