جڑانوالہ میں تجاوزات کیخلاف کارروائی،5دکانیں سیل،بھاری جرمانے

جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ میں تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی 5دکانیں سیل مالکان کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر کی زیرنگرانی انکروچمنٹ انسپکٹر میاں نوید رمضان نے لنڈا بازار اور مدنی بازار میں تجاوزات کی خلاف ورزی کرنے والی 5دکانوں کو سیل کر دیا یہ کارروائی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کی گئی جس کا مقصد شہر میں غیرقانونی قبضوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب نے بتایا کہ تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ بار بار انتباہ کے باوجود خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ راستوں اور سڑکوں پر تجاوزات نہ کریں ورنہ سخت قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر محسن مظہر نے تصدیق کی کہ مقدمات درج کرنے سمیت تمام اختیارات استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو بار بار مہلت دی گئی لیکن اب کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے عزم کا حصہ ہے۔ عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی اطلاح فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ کارروائی مستقل بنیادوں پر جاری رہی تو شہر کی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں