جڑانوالہ میں وارڈنز کی مبینہ چشم پوشی،جگہ جگہ غیر قانونی رکشہ سٹینڈز قائم

جڑانوالہ(نامہ نگار)وارڈنز کی مبینہ چشم پوشی کے باعث جگہ جگہ قائم غیر قانونی رکشہ سٹینڈ ز ٹریفک روانی میں خلل کا باعث بننے لگے،رکشوں میں لگے ٹیپ ریکارڈر پر بیہودہ گانوں نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا،عوامی سماجی حلقوں کا حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں ٹریفک وارڈنز کی مبینہ چشم پوشی کے باعث پاکستانی گیٹ،موبائل مارکیٹ ٹی ایم اے،پی ٹی سی ایل دفتر کے سامنے،لنڈا بازار،میلاد چوک،لاہور موڑ،240موڑ سٹاپ، ریلوے پھاٹک،ٹی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے، ننکانہ موڑ،پل شہروانہ سٹاپ،جامع مدنیہ مسجد نزد اڈا جی ٹی ایس کے قریب قائم غیر قانونی رکشہ سٹینڈز ٹریفک روانی میں خلل کا باعث بن رہے ہیں تجارتی مراکز کے داخلی و خارجی راستوں پر قبضہ جمائے رکشہ ڈرائیوروں نے قانون کی دھجیاں اڑا دی ہے رکشوں میں لگے ٹیپ ریکارڈر پر بیہودہ گانوں نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے تجارتی مراکز کے داخلی خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر قائم غیر قانونی طور قائم رکشہ سٹینڈز حادثات کا بھی سبب بن رہے ہیں بازاروں میں داخل ہوتے وقت موٹر سائیکل پر سوار فیملی کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے مذکورہ مقامات پر قائم غیر قانونی رکشہ سٹینڈز وارڈنز کی نظروں سے اوجھل ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز چالان کرنے تک محدود ہو چکے ہیں وارڈنز کو اندرون شہر بے ہنگم ٹریفک کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے وارڈنز کاغذی کارروائیوں میں سب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہے ہیں آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہونے کے واقعات سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں مگر وارڈنز کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آر پی او،سی پی او فیصل آباد،سی ٹی او فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ سے اس گھمبیر صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں