جڑانوالہ میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

جڑانوالہ(نامہ نگار)جڑانوالہ میں یونیور سٹی کیمپس کے قیام کا مطالبہ زور پکڑنے لگا،عوامی سماجی حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ تاریخی ثقافتی لحاظ سے پوری دنیا میں پہچانا جاتا ہے مگر اسکے باوجود پنجاب کے 13اضلاع سے بڑی تحصیل جڑانوالہ میں جدید دور میں بھی تعلیم کے میدان میں فقدان پایا جا رہا ہے ایک طرف 25لاکھ سے زائد افراد پر محیط آبادی اور 58یونین کونسلز میں بچوں بچیوں کی تعلیم کیلئے قائم سکولز کی آپ گریڈیشن نہ ہونا افسوسناک امر ہے دوسری جانب جڑانوالہ میں قائم سرکاری و غیر سرکاری سکولز کالجز میں زیر تعلیم لاکھوں بچوں اور بچیوں کیلئے جڑانوالہ میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا منصوبہ سالہا سال سے مسلسل التوا کا شکار ہے جڑانوالہ سے سینکڑوں طلبا و طالبات روزانہ پرائیویٹ بسوں ویگنوں اور کیری ڈبوں میں سفر کی اذیت برداشت کرکے جدید تعلیم کے حصول کیلئے فیصل آباد یونیورسٹی میں آتے اور جاتے ہیں ویگنوں بسوں اور کیری ڈبوں میں سفر کرنے والے بچوں اور بچیوں کے والدین کو ماہانہ 12ہزار سے 15ہزار روپے تک کرایہ کی مد میں بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے بیشتر والدین بچوں بچیوں کو فیصل آباد بھیجنے کے تعلیمی اخراجات کا بوجھ برداشت نہیں کر پا رہے ہیں جسکے باعث سینکڑوں ذہین طلبا و طالبات جدید تعلیم سے محروم ہو چکے ہیں اور گھروں میں بیٹھ کر بے روزگاری کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں جدید تعلیم کے حصول کے خواہشمند بچوں بچیوں کے والدین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں دو وقت کا گزارہ انتہائی مشکل ہو چکا ہے اوپر سے بجلی گیس کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ نے انکی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ایسی صورتحال میں اپنے بچوں اور بچیوں کو فیصل آباد یونیورسٹی میں تعلیم کے حصول کیلئے نہیں بھیج سکتے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ فیصل آباد یونیورسٹی میں جانیوالے سینکڑوں طلبا و طالبات کو سفر کے دوران حادثات پیش آنے کے خدشات نے بھی والدین کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے جبکہ پچھلے سالوں میں رونما ہونیوالے بیشتر حادثات میں درجنوں طلبا و طالبات موت کے وادی میں جا چکے ہیں۔ فیصل آباد یونیورسٹی میں تعلیم کے حصول کیلئے جانیوالے سینکڑوں بچوں اور بچیوں کے والدین اور عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب میں خواتین کے حقوق کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے اور پنجاب حکومت پورے صوبہ میں تعلیم کے میدان میں بھی بچوں اور بچیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تعیلم کا حصول ممکن بنا رہی ہے جو انتہائی احسن اقدام ہے مگر اسکے باوجود اہلیان جڑانوالہ کے دیرینہ مطالبہ پر سالہا سال سے یونیورسٹی کیمپس کا قیام عمل میں نہ لانا لمحہ فکریہ ہے۔ بچوں بچیوں کے والدین اور عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،صوبائی وزیر تعلیم پنجاب سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اہلیان جڑانوالہ کے دیرینہ مطالبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جلد سے جلد جڑانوالہ یونیورسٹی کیمپس کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ بچوں اور بچیوں کو گھر کی دہلیز پر جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں