جڑانوالہ میں250دکانیں مسمار کرنیکا عندیہ،تاجر سراپا احتجاج

جڑانوالہ(نامہ نگار) میونسپل کمیٹی کی جانب سے غلہ منڈی کے اطراف میں 70سال سے قائم بورڈ آف ریونیو کی 250دکانیں مسمار کرنے کے عندیہ پر دکاندار سراپا احتجاج،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سینکڑوں گھرانوں کو بے روزگار ہونے سے بچائیں تاجر برادری کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح جڑانوالہ میں بھی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن جاری ہے ریل بازار،منڈی بازار،موچی بازار،نیا بازار میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے میونسپل کمیٹی کی جانب سے غلہ منڈی کے اطراف میں قائم دکانوں کو مسمار کرنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے جس پر دکانداروں کا کہنا ہے کہ 70سال سے بورڈ آف ریونیو کی 250دکانوں میں اپنے بچوں کیلئے روز گار کما رہے ہیں مذکورہ دکانوں میں کاروبار کیوجہ سے سینکڑوں گھرانوں کے چولہے چل رہے ہیں۔ تاجروں کا مزید کہنا ہے کہ بورڈ آف ریونیو کی دکانوں کو مسمار کرنے کی بجائے انکا ماہانہ کرایہ لگا دیا جائے جس نے نہ صرف انکا روزگار چلتا رہے گا بلکہ میونسپل کمیٹی کو ماہانہ کرایہ کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کا ریونیو بھی اکٹھا ہو گا۔ تاجر برادری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ دکانوں کو مسمار کرنے کا منصوبہ کینسل کرکے سینکڑوں گھرانوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں