جھال پل پر آہنی جوڑ ٹوٹ پھوٹ کا شکار،ٹریفک کی روانی متاثر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھال پل کے دونوں اطراف جگہ جگہ سے آہنی جوڑ ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ گڑھے بننے سے ٹائر پنکچر اور گاڑیاں’ موٹرسائیکلیں تباہ ہونے لگیں، ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر، شہری حلقوں کا کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ سی او میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور ارباب اختیار سے جھال پل کے ٹوٹے ہوئے جوڑوں کو جلد درست کروانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق جھال پل عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) سے ستیانہ وسمندری روڈ پر جاتے اور واپس سمندری روڈ سے عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) کی طرف آتے ہوئے پل سے آہنی بورڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ چکے ہیں جسکی وجہ سے گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں۔ مذکورہ پل سے روزانہ ہزاروں بسیں’ ہیوی ٹرک’ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں گزرتی ہیں۔ گڑھوں میں گاڑیوں کے ٹائر پھٹنے سے پنکچر اور گاڑیوں کا نقصان ہو رہا ہے، ٹوٹے آہنی جوڑوں سے گزرتے ہوئے دھمک دماغ تک پہنچتی ہے۔ اس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل آتا ہے۔ کئی دفعہ گاڑیوں کے گزرتے ہوئے شاک اور کمانی ٹوٹ جاتی ہے تو گاڑیاں’ ٹرک پل کے درمیان میں خراب ہو کر کئی کئی گھنٹے تک کھڑے رہتے ہیں جسکی وجہ سے ٹریفک کا بہائو بری طرح متاثر ہوتا ہے اور لڑائی جھگڑے بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ عرصہ دراز سے پل کے دونوں اطراف ٹوٹنے والے آہنی جوڑوں کو جلد درست کروایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں آسانی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں