جھال پل کے آہنی جوڑوں کی مرمت کا معاملہ،18روز گزر گئے،ڈویژنل کمشنر مریم خان کے حکم پر عملدرآمد نہ ہوسکا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان کے حکم کو نظرانداز کئے 18روز گزر گئے’ جھال خانوآنہ پُل کی مرمت کا کام نہ ہو سکا، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد سید علی عباس بخاری کا ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنا حیران کن، شہری حلقوں کا صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق جھال خانوآنہ پُل کے آہنی جوڑ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کے نتیجہ میں گاڑیوں’ موٹرسائیکلوں کو شدید نقصان ہو رہا ہے جبکہ حادثات معمول بن چکے ہیں، جھال خانوآنہ پُل کے دونوں اطراف میں آہنی جوڑ جگہ جگہ سے ٹوٹ جانے سے پُل پر گڑھے پڑ چکے ہیں، مذکورہ پُل سے روزانہ کی تعداد میں ٹرک’ ٹرالر’ کاریں اور موٹرسائیکلیں گزرتی ہیں، جگہ جگہ آہنی جوڑ ٹوٹنے کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ جھٹکے لگنے سے گاڑیاں بھی تباہ ہو رہی ہیں، یہاں پر حادثات میں ہونے والا اضافہ بھی لمحہ فکریہ ہے۔ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے اس حوالے سے خبر شائع کی تو ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان نے نوٹس لیا اور چیف آفیسر MCF سید علی عباس بخاری کو حکم دیا کہ وہ فوری طور پر جھال خانوآنہ پُل کے دونوں اطراف آہنی جوڑوں کی مرمت کروائیں لیکن 18 روز گزر جانے کے باوجود جھال خانوآنہ پُل کے مذکورہ آہنی جوڑوں کو درست نہ کروایا جا سکا ہے۔ عوامی’ سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان اپنے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس لیں اور جھال خانوآنہ پُل کے دونوں اطراف میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار آہنی جوڑ فوری طور پر درست کروائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں