فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی میٹنگ میں ایک ارب 28کروڑ روپے کی لاگت سے فیصل آباد عبد اللہ پورفلائی اوور پر جھمرہ روڈ سے لنک فلائی اوور(ایگزٹ ریمپ)کے میگا پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے جوکہ اربن ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں بے حد اہمیت و افادیت کا ترقیاتی منصوبہ ہے جس کی بدولت اس ایریا کی ٹریفک کے بہا میں خاطر خواہ آسانی میسرآئیگی۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک میٹنگ کے دوران بتائی جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عابدحسین بھٹی، چیف انجینئر مہرایوب گجر، ڈائریکٹر محمد شہاب اسلم ودیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عبداللہ پور فلائی اوور ایگزٹ ریمپ کے اہم ترقیاتی منصبوبے میں ایف ڈی اے کی جامع پلاننگ کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس پراجیکٹ کی منظوری میں وزیر اعلی پنجاب نے خصوصی دلچسپی لیکر فیصل آباد کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیاہے جس پر بہت جلد عملدرآمد شروع ہوجائیگا۔ اس موقع پر بنایا گیا کہ یہ فلائی اوور ایگزٹ ریمپ 0.75 کلومیٹر لمبائی اور ڈبل لین 32فٹ چوڑائی پرمشتمل ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ اس منصوبے کے آغاز سے مدت تعمیر ایک سال مقرر کی گئی ہے تاہم اگرفنڈز دستیاب ہونے کی صورت میں ایف ڈی اے کی طرف سے اس فلائی اوور ایگزٹ ریمپ کی تعمیر آٹھ/ نو ماہ کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں سے مسلسل رابطہ رکھاجائیگا تاکہ منصوبے کے آغاز سے قبل تمام تر انتظامی و فنی تقاضوں اور محکمانہ ضوابط کو پورا کرنے میں تاخیر نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ شہری ترقی کیلئے ایف ڈی اے پرعزم ہے اس ضمن میں دیگر کئی ترقیاتی منصوبے بھی تجویز کئے جارہے ہیں تاکہ فیصل آباد کے شہریوں کو دور جدید کی ترقیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
42