فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت تحصیل چک جھمرہ آفس میں وزیراعلی پنجاب لائیوسٹاک کارڈ تقسیم کے حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مہمانان خصوصی مسلم لیگ ن کے سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی آزاد علی تبسم، ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر اور سپیشل مجسٹریٹ پرائس کنٹرول ڈاکٹر حامد نواز سندھو تھے۔ وزیراعلی پنجاب لائیوسٹاک کارڈ سکیم میں اپلائی کرنے والے 36 کامیاب مویشی پال کسانوں میں وزیراعلی پنجاب لائیوسٹاک کارڈ بذریعہ بینک آف پنجاب تقسیم کئے گئے۔افتتاحی تقریب میں مویشی پال حضرات،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع فیصل آباد ڈاکٹر محمد قیصر خلیق، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل چک جھمرہ ڈاکٹر محمد عتیق،متعلقہ ویٹرنری افسران، میڈیا نمائندگان اور دیگر نے شرکت کی۔آزاد علی تبسم نے کہا کہ مویشی پال فارمرز کی ترقی و خوشحالی کے لیے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے11،ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر کے اپنی نوعیت کی ایک بے مثال تاریخی سکیم کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پانچ سے دس نر جانور رکھنے والے مویشی پال حضرات کو جانور فربہ کرنے کے لئے بلا سود قرض مہیا کیا جا رہا ہے۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کی تقسیم کا آغاز پانچ دسمبر سے ہو چکا ہے اور15 دسمبر سے یہ کارڈ فنکشنل بھی ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مویشی پال حضرات کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعلی پنجاب کا یہ ایک احسن اقدام ہے اور مویشی پال حضرات کو اس سکیم سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہیے۔
2